بائپر جوائے طوفان سے بچاؤ کے لئے احتیاط کے سوا کوئی حل نہیں، شرجیل میمن

کراچی (آن لائن)سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بائپر جوائے طوفان سے بچاؤ کے لئے احتیاط کے سوا کوئی حل نہیں، طوفان کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی سندھ نے ان علاقوں کا دورہ کیا، جن کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہاکہ کراچی میں لوگ کوشش کریں کہ غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیاگیا ہے اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے، ساحلی علاقوں میں رہنے والوں سے اپیل ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ کراچی میں احتیاط کر نے کی ضرورت ہے کلاؤڈ برسٹ بھی ہو سکتا ہے، کوئی بھی شخص تفریح کے لیے ساحل کا رخ نہ کرے عوام حکومت سے تعاون کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے سمندری طوفان کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کو کہا ہے، تمام اراکین اسمبلی کا فرض ہے کہ وہ عوام کی مشکلات کے حل کے لیے باہر نکلیں.