حکومت ملک گیر شمسی توانائی کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ اب جبکہ ماہرین بجٹ 2023-24 کا مختلف زاویوں سے جائزہ لے رہے ہیں تو میں ضروری سمجھتا ہوں کہ اس امر پر روشنی ڈالوں کہ حکومت نے اس بجٹ میں ترقی کا سبب بننے والے (Growth Inducing) شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے. انفار میشن ٹیکنالوجی، زراعت، شمسی توانائی، نوجوانوں کی ترقی اور دیگر شعبوں کیلئے مفصل مشاورت کے بعد پالیسی اقدامات اٹھائے ہیں. ان اقدامات کا مقصد تخلیقی صلاحیتوں و جدت اور نوجوانوں میں اپنے کاروبار کی حوصلہ افزائی، زراعت کے شعبے کی پیداواری استعداد بڑھانے اور زرعی صنعت میں سرمایہ کاری کے فروغ میں سہولت کاری فراہم کرنا ہے. اس کے ساتھ ساتھ حکومت ملک گیر شمسی توانائی کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ بجلی بنانے کے مہنگے ذرائع کی جگہ ملک میں موجود شمسی توانائی کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھایا جا سکے. کم لاگت توانائی معاشی ترقی اور لوگوں کو ریلیف پہنچانے کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے. روس سے خام تیل کی خریداری بھی توانائی سلامتی منصوبے کا حصہ ہے. میں جس نکتے کی طرف آپکی توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ ملکی و بین الاقوامی مسائل اور مجبوریوں کے باوجود، بجٹ 2023-24 حالات کی بہتری کی طرف ایک واضح قدم ہے اور اس حوالے سے ایک مستحکم مستقبل کی تشکیل کی نوید ہے. معاشی خودانحصاری ہمارا اولین ہدف ہے، ایک ایسی معیشت جو بیرونی بحرانوں اور اتار چڑھاؤ سے محفوظ رہنے کی حامل ہوئے.