مکہ (آن لائن) سعودی عرب میں مسلمانوں کے سب بڑے اجتماع کے لئے حج کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اسی سلسلے میں غلاف کعبہ کو بھی زمین کے زیریں حصے سے تین میٹر ا ونچا کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حج انتظامات کے سلسلے میں غلافِ کعبہ کے زیریں حصے کو تقریباً 3 میٹر اونچا کر دیا گیا۔ بالائی حصے کو چار اطراف سے تقریباً 2 میٹر چوڑے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔غلافِ کعبہ کو اونچا کرنے کی روایت صدیوں پرانی ہے اور اس کے بالائی حصے پر سفید کپڑا چڑھانا حج اور مناسک حج کے ایام کی علامت ہے۔غلافِ کعبہ کے حوالے سے یہ تبدیلی ہر سال حج سے قبل کی جاتی ہے اور یہ معمول کی بات ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق غلافِ کعبہ کو اوپر اٹھانے کا عمل شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ کے ماہرین کے ایک گروپ کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے۔دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سال حج سیزن میں مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے امور کی ایجنسی نے مسجد نبوی ؐ میں آنے والے زائرین کو بھرپور خدمات فراہم کرنے کی تیاری کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسجد نبوی ؐ کے زائرین کی بھرپور خدمت کے لیے تمام متعلقہ حکام کے درمیان رابطہ قائم ہے اور سب ادارے مربوط کوششوں سے آنے والے افراد کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔
Load/Hide Comments



