اسلام آباد(آن لائن)ایوان بالا میں بھی وفاقی بجٹ اپوزیشن کے شدید شور شرابے میں پیش کردیا گیا،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایوان بالا میں بجٹ پیش کیا،چیئرمین سینیٹ نے بجٹ کے حوالے سے سفارشات 12جون تک کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کردی،اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین کو چیرمینسینیٹ نے بولنے کی اجازت نہیں دی اور اجلاس بروز سوموار تک ملتوی کردیا۔جمعہ کے روز سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں شروع ہوا اجلاس کے آغاز میں چیرمین سینیٹ نے کہاکہ شمالی اور جنوبی وزیر ستان،لکی مروت اور جنوبی پنجاب اور سوات میں پاک فوج اور پولیس جوان شہید ہوئے ہیں اس موقع پر ایوان میں تمام شہدا کی روح کو ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وفاقی بجٹ 2023/24پیش کیا جس کے بعد چیرمین سینیٹ نے کہاکہ سالانہ بجٹ کیلئے اراکین اپنی سفارشات 12جون بروز سوموار تک سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائیں جس کے بعد سفارشات کو سینیٹ خزانہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا اور کمیٹی اپنی رپورٹ ایوان میں 16جون تک پیش کرے گی جبکہ اس دوران 12جون سے ایوان میں بجٹ پر بحث ہوگی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر نے بات کرنے کی اجازت طلب کی مگر چیرمین سینیٹ نے اجازت نہیں دی جس کے بعد اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج شروع کیا مگر چیرمین سینیٹ نے کوئی توجہ نہیں دی اور اجلاس سوموار12جون تک ملتوی کردیا۔
Load/Hide Comments



