مشکل معاشی حالات میں باقی ملک کی طرح ہماری فوج بھی کم بجٹ میں گزار اکرے گی، خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں جس طرح باقی پورا ملک گزاراکرے گا اس طرح ہماری فوج بھی کم بجٹ میں گزاراکرے گی۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دفاعی بجٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا جس طرح باقی ملک کو معاشی مشکلات درپیش ہیں اسی طرح ہمارے دفاعی ادارے کو بھی ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ پچھلے سال ایک بھی معاشی ہدف پورا نہیں ہو سکا کیا یہ پی ڈی ایم حکومت کی ناکامی ہے؟ اس سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ناکامی نہیں ہے جس حالات میں پی ڈی ایم نے حکومت کو سنبھالا تھا اگر ہم نہ سنبھالتے تو اور بھی معاشی حالات خراب ہو جاتے۔ ہم نے اپنی سیاست ضرور گنوائی ہے لیکن جو حالات مزید خراب ہونا تھے ان کو مزید خراب ہونے سے بچائے رکھا ہے۔