فائیو ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہو گا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (آن لائن)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فائیو ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہو گا،ایکسپورٹس،ای پاکستان،واٹر اینڈ فوڈ سکیورٹی، انوائرمنٹ،انرجی اور ایکویٹی ٹرن آ راؤنڈ پاکستان کے ستون ہیں،اس فریم ورک کے ذریعے برآمدات میں اضافے کے لئے نئے کاروبار، روزگار کی حوصلہ افزائی ہوگی۔جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تعلیم، صحت کے فروغ اور آبادی پر کنٹرول سے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار ہو گی،سستی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی سے معیشت و کاروبار میں نئی تیزی آئے گی،آبی ذخائر اور غذائی تحفظ کے ذریعے ماحول بہتر بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ای پاکستان کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیں گے، انہیں با اختیار بنائیں گے،جی ڈی پی کے لحاظ سے فسکل خسارے کا 4.9 فیصد سے کم ہوکر 4.6 فیصد پر آنا بڑی کامیابی ہے،یہ حکومت کی درست معاشی پالیسی کا مثبت نتیجہ ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 76 فیصد کمی درست معاشی پالیسی کی علامت ہے،تجارتی خسارے میں 40.4 فیصد کمی معاشی اقدامات کی درستگی ظاہر کرتی ہے،تجارتی خسارہ 25.8 ارب ڈالر ہوگیا ہے جو 43.4 ارب ڈالر تھا، یہ بہتری کی جانب آغاز ہے، درآمدات میں 29.2 فیصد کمی ہوئی جس کے معاشی صورتحال پر اثرات مرتب ہوئے،72.3 ارب ڈالر ک مقابلے میں درآمدات کا 51.2 ارب ڈالر پر آنامعاشی بہتری کی طرف قدم ہے،مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے 5ہزار 348.2 ارب روپے کے مقابلے میں 6210 ارب روپے ٹیکس رینیوز جمع ہوئے،رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 7 لاکھ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ہدف کے مقابلے میں تقریبا 9 لاکھ12 ہزار نئے ٹیکس دہندگان کو رجسٹرڈ کیا ہے،یہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کا ثبوت ہے، 1.15 ٹریلین روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ مختص ہونے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، روزگار بڑھے گا۔