وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج جمعہ کو ہوگا،وفاقی بجٹ کی منظوری دی جائیگی

اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج جمعہ کو ہوگا جس میں آئندہ مالی سال 2023-24 کے لئے وفاقی بجٹ کی منظوری دی جائے گی،اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار معاشی ٹیم کے ہمراہ بجٹ کے نمایاں خدوخال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے جبکہ اسی اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا حتمی فیصلہ اور منظوری ہوگی،اس حوالے سے مختلف تجاویز وفاقی کابینہ میں زیر بحث آئیں گے۔اتحادیوں کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے تاہم وزارت خزانہ محدود وسائل کے باعث سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافے کی حامی ہے تاہم حتمی فیصلہ کابینہ ہی کرے گی،یہ بھی تجویز ہے کہ گریڈ ایک سے16 تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 30 فیصد اور گریڈ 17 سے22 تک کی تنخواہوں میں 20 فیصد تک اضافہ کیا جائے۔مزدور کی کم سے کم اجرت اور دیگر اہداف سے متعلق بھی وفاقی کابینہ میں فیصلہ کیا جائیگا۔