پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی صوبہ میں کلین سوئپ کرے گی، شرجیل انعام میمن

کراچی(آن لائن)وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں مخصوص نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے پیپلز پارٹی کے نمائندگان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور یہ کامیابی اس بات کا مظہر ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع میں پیپلز پارٹی کے میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین منتخب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج آئندہ عام انتخابات کی ریہرسل ہے، عام انتخابات میں بھی انشااللہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کی طرح صوبے بھر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کلین سوئیپ کرے گی اور عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔