وزیراعظم کا دورہ ترکیہ، سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقاتیں

انقرہ(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف سے دورہ ترکیہ کے دوران سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان نے ملاقات کی اور پاکستان میں تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے سمیت دیگر شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ، وزیر اعظم پاکستان نے خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔تفصیل کے مطابق دورہ ترکیہ کے پہلے روز وزیر اعظم سیترکی کی معروف کمپنی لیماک ہولڈنگ کی بورڈ چیئر ایبرو اوزدمیر نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں تعمیراتی انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں دستیاب مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیا ن میں کہا کہ اوزدیمیر جلد ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گی تاکہ وہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست بات چیت کریں اور پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں تعاون کے لیے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل د ی جاسکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق ایبرو اوزدمیر نے منفرد اور متاثر کن پروجیکٹ “گلوبل انجینئر گرلز (GEG) کی تفصیلات بھی شیئر کیں، جو کہ خواتین انجینئرز کی اگلی جنریشن کو متاثر کرنے اور لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم، رہنمائی اور کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی انسان دوست اقدام ہے۔ پاکستان میں یہ ا ینی شئیٹوتعلیم اور سائنس، ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور ریاضی میں لڑکیوں اور خواتین کو تجربہ حاصل کرنے اور کیریئر بنانے کے قابل بنا نے میں مددگارثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ چیئرمین پاک-یاترم کے صدر ڈیک نیل اولپاک نے ملاقات کی ہے اورپاکستان میں قابل تجدید توانائی اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،صدرڈیک نے وزیر اعظم کو ترک کمپنیوں کی پاکستان میں تعمیراتی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کے بارے آگاہ کیا جس کا وزیر اعظم شہباشریف نے خیر مقدم کیا،بعد ازاں وزیر اعظم سے چیئرمین دولسار انجینئرنگ عرفان آکر نے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان میں دولسار انجینئرنگ کے جاری توانائی اور تعمیراتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی،عرفان آکر نے پاکستان میں توانائی اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے دولسار انجینئرنگ کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور حکومت کی طرف سے اس حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ دریں اثناء وزیرِ اعظم شہباز شریف سے انادولو گروپ کے وفد کی ملاقات بھی ہوئی۔وفد میں کوکاکولا کے سی ای او کریم یاحی، اتیلا یرلیکایا چیف اسٹریٹجی آفیسر اور دیگر اعلی عہدیداران بھی شامل تھے۔وزیرِ اعظم نے انادولو گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور اسکی وجہ سے ملک میں روزگار کی فراہمی پر پذیرائی کی۔وزیرِ اعظم نے انادولو گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی دعوت بھی دی۔ملاقاتوں میں میں وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، معاون خصوصی طارق فاطمی اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی شریک تھے۔قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورہ پر ترکیہ پہنچے۔ وزیرِ اعظم نے انقرہ میں ترک صدررجب طیب ایردوان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیرِ اعظم سے ترک صدر رجب طیب ایردون نے تقریب کے آغاز میں ملاقات کی وزیرِ اعظم نے ترک صدر کو اپنی اور پاکستانی عوام کہ طرف سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا.۔تقریب میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے امینے ایردوان سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ حکومتِ پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھاگیا کہ وزیر اعظم کو ترک وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی مشن کے حکام نے خوش آمدید کہا، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی پر مشتمل وفد بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔