ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ کی20 سال بعد ملاقات،جذباتی مناظر

واشنگٹن(آن لائن)امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی بالآخر 20 سال بعد ملاقات ہوگئی۔جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ کی ملاقات کا افسوسناک احوال بتایا،انہوں نے کہا کہ اگر چہ صورتحال تشویشناک ہے لیکن ملاقاتوں اور بات چیت کاراستہ کھل گیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات 20 سال بعد ہوئی، جو ڈھائی گھنٹے جاری رہی،ملاقات کے دوران انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے گلے ملنے، ہاتھ ملانے تک کی اجازت نہیں تھی، ڈاکٹر فوزیہ کو اس بات کی اجازت نہیں دی گئی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ان کے بچوں کی تصاویر دکھا سکیں۔سینیٹر مشتاق احمد نے مزید بتایا کہ جیل کیایک کمرے میں درمیان میں موٹا شیشہ لگا تھا اور اس کے آرپار ملاقات تھی، عافیہ سفید اسکارف اور خاکی جیل ڈریس میں تھیں۔انہوں نے کہا کہ ڈھائی گھنٹے کی ملاقات میں پہلے ایک گھنٹے ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے روز اپنے اوپر گزرنے والی اذیت کی تفصیلات سنائیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے کہا کہ مجھے اپنی امی اور بچے ہر وقت یاد آتے ہیں ان کواپنی امی کی وفات کا علم نہیں ہے،انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے سامنے والے دانت جیل میں حملے سے ضائع ہوچکے ہیں، ان کو سر پرایک چوٹ کی وجہ سے سننے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔سینیٹر مشتاق احمد نے مزید بتایا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام آواز اٹھائیں اورحکمرانوں کو مجبور کریں کہ وہ فوری اقدامات کرکے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ امریکی حکومت کے ساتھ اٹھائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کل ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے میری ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور کلائیو اسٹا فورڈ اسمتھ کے ہمراہ جیل میں ملاقات ہوگی۔