کراچی(آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان آج جس معاشی بحران میں مبتلا ہے اس سے نکلنے کے لئے ہم سب کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے، اب کوئی مسیحا نہیں آئے گا، حالات بدلنے کے لئے ہم ہی کو ایک دوسرے کا مسیحا بننا ہوگا، آنے والا وقت بے حد کٹھن ہے، گھمبیر مسائل اور معاشی بحران کے پیش نظر ایک دوسرے کو ٹھیک کرنے کے بجائے ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، ملک کو ترقی دینی ہے تو واحد شہر کراچی ہے جو معیشت کا پہیہ چلا سکتا ہے، عظیم مصور اور خطاط صادقین نے کم عمری میں جو عالمگیر شہرت حاصل کی اسے مثال بنا کر ہم بھی اپنے شہر اور ملک کے لئے کچھ کرنے کی کوشش کریں،صادقین ایوارڈ جیسی تقاریب لوگوں کا حوصلہ بڑھاتی ہیں، بحیثیت گورنر شہر کی رونقیں بڑھانے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں، یہ بات انہوں نے منگل کے روز فریئر ہال میں منعقدہ صادقین ایوارڈز2023کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن،میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین، مختلف ممالک کے قونصل جنرل، حبیب بینک کی چیف آف اسٹاف چیئرمین ماریہ اسماعیل،سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس حسنی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، قبل ازیں گورنر سندھ نے صادقین ایوارڈز 2023کے موقع پر فریئر ہال میں مصوری اور خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا اور ایوارڈز کے مقابلے میں جیتنے والے مصوروں او رخطاطوں میں انعامات تقسیم کیے، گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی بدقسمتی ہے کہ صادقین ایوارڈز 13سال، کراچی گیمز 10 سال بعد اور دیگر ایسے ایونٹس سالہال سے رکے رہے، شہر کی رونقوں کو بڑھانے کے لئے حکومت اور نجی اداروں دونوں کو سوچنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے شہر کا نقصان ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ صادقین کی زندگی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اگر انسان اپنی زندگی میں کچھ کرنے کا بیڑا اٹھا لے تو پھر اسے کوئی رکاوٹ اپنی منزل حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی، بلدیہ عظمیٰ کراچی صادقین جیسے عظیم فنکار سے منسوب ایوارڈز کی تابندہ روایت برقرار رکھنے پر مبارکباد کی مستحق ہے، کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہی نہیں فن و ثقافت کا ایک اہم مرکز بھی ہے، فائن آرٹ ایک ایسی صنف ہے جس میں متعدد آرٹسٹ ملک کی پہچان بنے،صادقین بھی انہی عظیم فنکاروں میں شامل ہیں جن کے فن کو دنیا بھر میں سراہا گیا، انہوں نے کہا کہ صادقین آرٹ گیلری کے قیام کے ساتھ ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی نے قابل تحسین قدم اٹھاتے ہوئے یہاں صادقین ایوارڈز کا اجراء کیا، 1991 میں پہلے صادقین ایوارڈز کے بعد سے 32سال گزرچکے ہیں جس سے یہ ثابت ہوا کہ صادقین ایوارڈز کی یہ تقریب شہر کراچی کی ایک تابندہ روایت بن چکی ہے اور اس کے ذریعے بہت سے باصلاحیت فنکار سامنے آئے،انہوں نے کہا کہ میں صادقین ایوارڈز2023جیتنے والوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور یہ توقع کرتا ہوں کہ یہ فنکار اسی جذبہ اور محنت کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، گورنر سندھ نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے ساتھ فن و ثقافت کے فروغ کے لیے بھی اپنا کردار احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کا مرکزی بلدیاتی ادارہ ہونے کے ناطے انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقی کے ساتھ ساتھ شہر میں ادبی، ثقافتی، علمی و فنی سرگرمیوں کے فروغ کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے، عظیم مصور و خطاط صادقین کے نام پر شروع ہونے والے ان ایوارڈز کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد ہمارے روایتی علوم و فنون کا فروغ ہے تاکہ یہ فنکار مزید بہتر سے بہتر کام کریں اور ان کا تخلیق کردہ آرٹ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کی نیک نامی کا سبب بنے،انہوں نے صادقین ایوارڈ کے انعقاد میں تعاون پر حبیب بینک لمیٹڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی ملک کا وہ شہر ہے جسے فنون و ادب کی خدمت اور سرپرستی کے حوالے سے اہم ترین حیثیت حاصل ہے، اس شہر سے دنیائے فن میں کمال عروج حاصل کرنے والے فنکار، شاعر، ادیب، مصور،خطاط پوری دنیا میں کراچی اور پاکستان کا حوالہ بن کر اُبھرے،عظیم آرٹسٹ صادقین نے مصورانہ خطاطی متعارف کرا ئی اور آج پاکستان میں مصورانہ خطاطی کا جو ذوق و شوق اور مقبولیت دیکھنے میں آتی ہے اور جس انداز میں یہ فن ترقی کررہا ہے اس کا سہرا بھی صادقین کو جاتا ہے، صادقین کی خوبی یہ تھی کہ وہ بیک وقت ایک بہترین مصور، عمدہ خطاط اور شاعر تھے،ان کی مشہور رباعیاں اس کا ثبوت ہیں، فریئر ہال کراچی کی چھت کے لیے بنایا گیا میورل صادقین کی زندگی کا آخری میورل ہے، یہ کام ابھی جاری ہی تھا کہ صادقین اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس ادھورے میورل کو فریئر ہال کی چھت پر نصب کر کے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ کردیا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی صادقین ایوارڈز کی تقریب کو خوب سے خوب تر بنانے کی کوشش جاری رکھے گی تاکہ کراچی کے شہریوں کو مصوری او رخطاطی کے اعلیٰ اور بہترین نمونے دیکھنے کو ملیں اور یہ فن مزید ترقی کرے۔
Load/Hide Comments



