جہانگیر ترین، علیم خان، عون چودھری میں مشاورت، 72 گھنٹوں میں نئی پارٹی کے قیام کا فیصلہ

لاہور (آن لائن)سینئیر سیاستدانوں جہانگیر ترین، علیم خان اور عون چودھری میں اہم مشاورت میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ دو سے تین دن میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کیاجائے گا، اعلان ممتاز سیاسی رہنما جہانگیر ترین دیگر اہم سیاسی زعما ء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پیر کو جہانگیر ترین نے علیم خان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی علیم خان نے جہانگیر ترین اور دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانہ دیا۔اس موقع پر نئی سیاسی جماعت کے قیام سے متعلق اہم مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس میں شرکاء کی غالب اکثریت نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا کہ ہمیں کوئی پریشر گروپ بنانا چاہیے۔ذرائع کے مطابق شرکا ء کی اکثریت اس بات کی حامی تھی کہ ہمیں پریشر گروپ کے بجائے نئی سیاسی جماعت رجسٹر کرانی چاہیے تاکہ وہ تمام افراد جو پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں انہیں بھی نیا پلیٹ فارم میسر آسکے۔ ظہرانے میں وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کے سیاسی مشیر عون چودھری بھی شریک تھے، انہوں نے بھی نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کی تجویز کی حمایت کی۔ذرائع کے مطابق علیم خان کی رہائش گاہ پر دیے گئے ظہرانے میں ابتدائی طور پر اتفاق کیا گیا کہ جہانگیر ترین جلد الیکشن کمیشن میں نئی پارٹی کی رجسٹریشن کے لیے باقاعدہ درخواست دے دیں گے، آئندہ دو سے تین دن میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کر دیا جائے گا، اعلان جہانگیر ترین دیگر سیاسیرہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کریں گے۔ اس ضمن میں ابتدائی طور پر اتفاق کیا گیا کہ پی ٹی ا آئی ے علیحدگی اختیار کرنے والے رہنماؤں سے رابطہ قائم کر کے انہیں بھی نئی پارٹی میں شمولیت کا کہا جائے گا۔