اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل ہوگا، مصدق ملک

اسلام آباد (آن لائن) وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے رعایتی قیمت پر تیل مل رہا ہے اور اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل ہوگا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرٹے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان تنازعات کو تھمنا ہوگا، رکنا ہوگا، ایسے تو کریانہ کی دکان نہیں چلتی، آپ ملک کیسے چلا سکتے ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ گیس پر 1700 ارب روپے کا گردشی قرضہ تھا، ہم نے گیس پر گردشی قرضے کو صفر کردیا،ایل این جی پر بھی گردشی قرضے کو صفر کردیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار دو روسی وزیر 86 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے، روس سے رعایتی قیمت پر تیل مل رہا ہے اور اگلے 15 سے 20 روز میں پاکستان میں روسی تیل ہوگا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اہم فیصلے کیے جارہے ہیں اور حالات کو بہتر کرنے کیلئے مشکل فیصلے کیے جارہے ہیں، آگے بڑھنے کیلئے ہمیں چھوٹے کاروبارکرنیوالوں کو پروموٹ کرنا ہے، بجٹ میں چھوٹے کاروبار کرنیوالوں کو سہولتیں دینے پرغور کررہے ہیں،ہم نے تاپی گیس منصوبے سیسستی گیس لانی ہے، اس پر تیزی سے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آٹو موٹو پالیسی کو بنائے کئی سال ہو چکے، آج تک ہم ایک انڈیکیٹر کا کور نہیں ایکسپورٹ کر سکے، میرے خیال میں ہماری آٹو موٹو پالیسی بہتر نہیں۔ 190ملین پاؤنڈز عمران خان نے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ڈلوادیے یہ پیسے پاکستان کے اکاؤنٹ میں آنے تھے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آئین سے ماورا اور قانون سے بالا ترکچھ نہیں ہونا چاہیے، 9 مئی کی ویڈیو کے ذریعے لوگوں کو شناخت کرکے پکڑا جارہا ہے، نادرا سے تصدیق کے بعد لوگوں کو گرفتار کیاجارہاہے۔