ملک میں اس وقت توڑنے کی نہیں بلکہ جوڑنے کی سیاست کی ضرورت ہے، چوہدری شجاعت

لاہور (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری وجاہت حسین پارٹی نے پرویزالہی سے راہیں جدا کرلیں، اپنے بیٹوں کے ہمراہ پی ٹی آئی کو چھو ڑ کر واپس مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے، چودھری پرویز الہی کو بھی واپسی کا مشورہ دیدیا۔ تفصیل کے مطابق چوہدری وجاہت حسین نے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کے بعد چودھری شجاعت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مسلم لیگ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت کا کہناتھا کہ ملک کو اس وقت توڑنے کے بجائے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ چوہدری وجاہت حسین کو مسلم لیگ ہاؤس آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمیں اس وقت ملکر پاکستان کو معاشی مشکلات سے باہر نکالنا ہے، اس موقع پر چوہدری وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہمارے خاندان کے کچھ فیصلے وقت نے ثابت کئے کہ غلط تھے۔ انہوں نے کہا پوراپاکستان9مئی کے واقعات کی مذمت کر رہاہے اورمیں بھی اس کی شدید مذمت کرتاہوں، چوہدری وجاہت حسین نے کہا چوہدری شجاعت حسین کا بڑا دل ہے، میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق رہاہے اور نہ ہی واسطہ ہے،میری راہیں مسلم لیگ سے کبھی جدا نہیں ہوئیں۔میں نے کبھی ایسا نہیں کہا کہ میرے بھتیجوں نے زرداری صاحب سے پیسے لے کر ان کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین میرے بڑے بھائی ہیں اور میرے والد کی جگہ پر ہیں، جہاں تک حسین الٰہی کی بات ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ میں کوئی بات کروں اور وہ کوئی اور کرے۔میرا مونس الٰہی سے لمبے عرصے سے کوئی رابطہ نہیں ہواہے، پرویز الٰہی سے رابطہ ہے ان کو مشورہ دوں گا کہ گھر واپس آئیں، سارے اکٹھے ہو کر چلیں۔ کئی مثالیں ہیں کہ ایک ہی فیملی کا ایک فر د کہیں پر ہے اور دوسرا کہیں اور ہے، لیکن وہ خوش اخلاقی سے ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔ خیال ہے چوہدری شجاعت واپس آنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ دعا ہے آنے والے وقت میں پورے خاندان کو اکٹھا دیکھ سکیں۔ہو سکتا ہے جنہوں نے دراڑیں ڈالی ہیں وہی ٹھیک کر رہے ہوں۔ مقدمات فرضی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ جتنے مقدمات چل رہیں ان کا عدالتوں میں سامنا کریں گے۔میری بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو الفاظ واپس لیتا ہوں۔میرا نہیں خیال میں جو بات کہوں اس کے علاوہ کوئی تیسری بات کرے، جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ساتھ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ مونس الٰہی نے اپنی سیاسی راہیں خود جدا کیں اور اب سیاست اپنی اپنی ہی ہوگی، سیاسی خاندان کو اکٹھے چلنا چاہئیے کچھ لوگوں درمیان میں آ جائے تو پھر دراڑیں پڑ جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ شجاعت حسین نے شہبازشریف کو کہا کہ نو مئی کا سانحہ افسوسناک ہے، انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں کوشش کرنی چاہئیے کہ عوام کو ریلیف ملے، تحریک انصاف نے بہت جھوٹ بولا وقت آ گیا ہے یوتھ کو سوچنا چاہئے کون سچ اور کون جھوٹ بولتا ہے، تحریک انصاف نے پنجاب میں ساڑھے تین سال جو کچھ کیا سب کے سامنے ہے، جن افراد نے املاک کو جلایا ان کو سخت سزائیں ملنی چاہئیں.