لاہورد(آ ن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعہ پر دل رنجیدہ ہے،ایسے واقعات سے د شمن قوتوں کو تقویت ملتی ہے،سیاسی مسائل کا واحد حل بات چیت و مذاکرات ہیں۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹرز کے وفد کے ہمراہ جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا۔ وفد میں سینیٹرزمشاہد حسین سید، ہدایت اللہ، عرفان الحق صدیقی،سرفراز بگٹی، منظور احمد کاکڑ، حاجی ہدایت اللہ خان، ہلال الرحمن، رانا مقبول، شاہین خالد بٹ اور دیگر شامل تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے مہمانوں کے لئے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئیچیئرمین سینیٹ نے کہا جناح ہاؤس لاہور سمیت ملک میں قومی سلامتی کے اہم اداروں پر9 مئی کو جو ہوا وہ قابل مذمت ہے۔جناح ہاؤس ہمارا تاریخی ورثہ ہے۔نقصانات پر افسوس ہوا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا ہمیں زندگی کے ہر پہلو میں صبروتحمل کامظاہرہ کرنا ہوگا۔ سیکیورٹی فورسز نے بہت تحمّل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا سیکیورٹی فورسز دہشتگردی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہیں۔ تاریخی اثاثوں کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ پاکستان کی فوج کا تحمل و تدبر قابلِ تحسین ہے، جس نے مذموم سازش کو ناکام بنا دیا۔ہم اپنی پاک فوج کے ہمیشہ ساتھ تھے اور رہیں گے۔
Load/Hide Comments



