سیالکوٹ(آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کے وجود پرحملہ کیا گیا، ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کیلئے یہ حملہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے۔ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ عمران خان اس امریکی خاتون رکن کانگریس سے بات کر کے ترلے منتیں کر رہا ہے،جسے امریکا میں بھی کوئی نہیں جانتا۔ افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں اتوار کو سیالکوٹ میں ریلی نکالی گئی۔وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ریلی کے ہمراہ چونڈہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی۔خواجہ آصف نے چونڈہ میں شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتخہ خوانی کی۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم آج شہداء کی یادگار پر آئے ہیں، یہاں پر بہادری سے ہندوستانی فوج کو شکست دی، جنہوں نے وطن عزیر کے دفاع میں قربانی دی ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایک سیاسی رہنما اور لیڈر افواج کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، افواج کو ٹارگٹ کرنے میں وہ بیرونی افراد کو بھی شامل کر رہے ہیں، عوام جس طرح افواج سے محبت کرتی ہے اس کا اظہار اس طرح کیا جائے۔خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ جو 9 مئی کو ہوا اس کا تاثر زائل کیا جائے، آج بھی ہمارے افواج چٹان کی طرح کھڑی ہے، فوجی جوان وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں، افواج پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف میں اظہارِ یکجہتی کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کے اتحاد کی ضرورت ہے، اقتدار کو یہ لوگ دوبارہ اپنے قبضہ میں لینا چاہتے ہیں، 22 کروڑ عوام، شہداء کے اہلخانہ اس مٹی سے ان کی محبت کسی لالچ سے مشروط نہیں، میں ایک دفعہ پھر ان لازوال قربانیوں اور نشان حیدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تمام شرکاء کا مشکور ہوں اس یادگار پر تجدید عہد کرنے آئے، 9 مئی کو پاکستان کے وجود پرحملہ کیا گیا تھا، ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کے لیے یہ حملہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ جب ایک ٹولہ مقدس یادگاروں پرحملہ کرے تو شہداء کے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہو گی، میں کبھی کسی کی وفاداری پر شک نہیں کرتا، لیکن 9 مئی کو جنہوں نے حملہ کیا مجھے ان کی نیت پر شک ہے۔
Load/Hide Comments



