مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ دنیا بھر کے 1.5 ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان نے مسجد اقصیٰ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ دنیا بھر کے 1.5 ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین ہے۔ ایسی کاروائیاں انسانی حقوق کے قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہیں، عالمی برادری مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسلمانوں کے مقدس مقام کے تقدس کی خلاف ورزی دنیا بھر کے 1.5 ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین ہے۔ ایسی کارروائیاں آزادی اظہار رائے اور مذہب یا فلسطینی عوام کے عقیدے کے حق سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ ایسی کاروائیاں انسانی حقوق کے قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے، ہم فلسطینی کاز کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔ القدس الشریف کو فلسطینی دارالحکومت بنانا مسئلہ فلسطین کا واحد منصفانہ اور جامع حل ہے۔