وزیراعظم کا لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کے لیے فوری اقدامات کا حکم

سلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے اور عوام کی مشکلات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مئی کے مہینے تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا،وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کی ہے اور کہا کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا،سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں،تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے،شہباز شریف نے کہاکہ نوازشریف حکومت نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا،بروقت ایندھن خریدا گیا، نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی،عمران حکومت نے ہمارے دور کے سستی اور تیز ترین بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کئے،مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کئے گئے،اس ظلم کی قیمت قوم کوہر ماہ 100 ارب روپے کی شکل میں ادا کرنا پڑرہی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ 6 ارب میں ایل این جی کا جو ایک جہاز مل رہا تھا، وہ قوم کو20 ارب میں پڑ رہا ہے،عمران حکومت کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا،توانائی کے شعبے کی تباہی کرکے پاکستان کی معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔