پاکستان میں نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے، حملے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں،مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے، حملے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں،خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز سے پارٹی کے شعبہ خواتین، لاہور کی رہنما سعدیہ تیمور اور اقلیتی ونگ کے راہنماکامران بھٹی نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی اور اس میں پیش رفت کے امور کا جائزہ لیاگیا۔مریم نوازشریف نے خواتین اور اقلیتی شعبوں کی کارکردگی کو سررہنماؤں نے پارٹی شعبہ جات کو متحرک اورتنظیم نو شروع کرنے پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں، وسائل اور اختیارات میں بھی نصف حصہ ملنا چاہیے،تحریک پاکستان سے لے کر ہر سیاسی تحریک میں خواتین نے نمایاں کردار اد اکیا، خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی میں بتدریج اضافہ کررہے ہیں، مزید بڑھائیں گے،انہوں نے کہا کہ بیٹوں کی طرح بیٹیوں کو پڑھانا اسلام کی تلقین ہے، حقوق اور وسائل میں امتیاز ختم کرنا ہے،خواتین اور اقلیتیں معاشرے میں استحصال کا زیادہ نشانہ بنتے ہیں، اسے ختم کریں گے،آئین کے تحت غیرمسلم پاکستانی یکساں حقوق رکھتے ہیں، امتیاز برتنا آئین شکنی ہے، مریم نوازنے مزید کہا کہ غیرمسلم پاکستانیوں کی فلاح وبہود کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کریں گے، ملک سے سیاسی انتشار، نفرتوں اور تشدد کی سوچ ختم کرنے میں خواتین اور اقلیتوں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہے،خواتین بطور ماں، بہن، بیٹی خاص طور پر نوجوان نسل کی سوچ بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، وطن کی تعمیر، ادب اور اتحاد کی سوچ پروان چڑھا سکتی ہیں،سیاسی مفاد کی خاطر خواتین اور نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا،انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوان معاشرے کو اچھی قدروں سے ہم کنار کرنے میں قومی کردار ادا کریں،بارود بونے سے معاشرے اور اقوام تباہ ہوتے ہیں، مسلمانوں اور غیرمسلموں کے اتحاد سے پاکستان بنا تھا،پاکستان میں نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے، حملے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں۔