عامر محمود کیانی کا پی ٹی آئی و سیاست چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکریٹری عامر محمود کیانی نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں صرف سیاسی لڑائی لڑنی چاہیے ،میں اس قسم کی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا کہ کل پاکستان پر کوئی آنچ آئے تو میں بھی اس فہرست میں شامل ہوں، پاکستان کی بقاء پاک فوج کے افسران اور اہلکاروں کی وجہ سے ہے۔بدھ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عامر محمود کیانی نے کہا کہ میرا فوجی خاندان سے تعلق ہے، ہم نے سیاست کرپشن کے خلاف شروع کی، 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ تھے، میں نے کبھی افواج پاکستان کیخلاف بیان نہیں دیا، مجھ پر بھی 8، 9 دہشتگردی کے مقدمات درج ہوئے۔ عامر محمود کیانی نے کہا کہ میں ڈیڑھ ماہ سے پارٹی اجلاس میں گیا بھی نہیں، ہمیں سوچنا ہو گا کہ کیا ہم سیاست اس لیے کر رہے کہ اداروں کو بھی شامل کرنا ہے، ڈیڑھ ماہ سے میں لاہور نہیں گیا، ہمیں سیاسی لوگوں کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء پاک فوج کے افسران اور اہلکاروں کی وجہ سے ہے، پاک فوج کے جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں، 9 مئی کے واقعے میں چیئرمین عمران خان سے بھی ملنے گیا، سیاسی جماعتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔ عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کہتے ہیں کہ ادارے اہم ہیں، جی ایچ کیو اور لاہور کور کمانڈر کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، ان اداروں نے آپ کی سرحد پر ہمیشہ جانیں دی ہیں، ہمیں صرف سیاسی لڑائی لڑنی چاہیے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ملک کی سالمیت اور بقا پر حملہ ہے، کوئی بھی سیاسی جماعت ایک ادارہ نہیں بنی، میں سیاست سے بھی دستبردار ہو رہا ہوں۔ انتہائی مایوسی کی بات ہے کہ جس سفر پر میں نے 27 برس مکمل کیے، حالیہ واقعات ہونے کی وجہ سے اب مجھے سیاست سے دستبردار ہونا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کی بات نہیں کر رہا لیکن میں سیاست سے دستبردار ہونے کی بات کر رہا ہوں کیونکہ میں اس قسم کی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا کہ کل پاکستان پر کوئی آنچ آئے تو میں بھی اس فہرست میں شامل ہوں۔ عامر کیانی نے کہا کہ میرا اس بات پر یقین ہے کہ پاکستان کی بقا اس کے ادارے ہیں جن کو مزید بہتر ہونا چاہیے، جب بھی مشکل آئی ہے ان اداروں نے اپنی زندگیاں دی ہیں، کیا اس دور میں کوئی کم تنخواہ پر اپنی جان دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ سیاسی لڑائی لڑیں لیکن یہ بدنصیبی ہے کہ کوئی بھی پارٹی اداروں کے ساتھ ایسا کرے، خلاف ورزی ملک کی سالمیت اور بقا پر حملہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں ادارہ بنیں لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی سیاسی جماعت ادارہ نہیں بن سکتی، ادارے بنائیں تو آپ کو ان کی قدر ہو۔انہوں نے کہا کہ ان وجوہات کی بنیاد پر میں پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں اور سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کر رہا ہوں۔