اسلام آباد (ویب ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے طنزیہ لہجے میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کے متعلق کہا جاتا تھا کہ پنجاب کے یہ بہترین وزیرِ اعلیٰ ہیں، انہیں بھی قربان کر دیا گیا، عمران خان کا سرپرائز بزدار صاحب کو ملا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند ووٹ حاصل کرنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ کو قربان کر دیا گیا، کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا، نقصان آنے جانے والوں کا ہوتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کے خلاف بنائے گئے کیسز عوام کے سامنے رکھیں، پی ٹی آئی کی کرپشن کے سیکڑوں کیس ہیں جن میں اربوں کی کرپشن ہے۔ پی ٹی آئی کی کرپشن کا حساب بھی ہو گا لیکن عوام کے سامنے ہو گا، پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں اپنی جماعت کے 11 بندے قربان کر دیے۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اس حکومت سے نجات ملے گی اور عوام کے مینڈیٹ سے نئی حکومت وجود میں آئے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ق لیگ ایک جماعت ہے، اس کا اپنا فیصلہ ہے، ہم نے بھی ق لیگ کو دعوت دی تھی، کل کو ق لیگ جب عمران خان کا بوجھ اٹھا کر عوام کے پاس جائے گی تو پتہ چل جائے گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد ملک کے لیے پیش کی جاتی ہے، حکمرانوں کی آنکھیں بند ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی۔
انہوں نے کہا کہ ٓائی ایم ایف کی رپورٹ پڑھ لیں آپ کو پتہ چل جائے گا کہ حالات کیا ہیں، 4 سال سے عمران خان نے ہر معاملے پر یو ٹرن لیا ہے۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان بلیک میل نہیں ہوتے، یو ٹرن لیتے ہیں، غلط بیانی کرتے ہیں، ان کی خود مختاری وہیں ختم ہو جاتی ہے جب وہ جلسوں میں خط لہراتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر وزیرِ اعظم ہمیں بتا دیں کہ فلاں بندے یا فلاں ملک نے دھمکی دی ہے تو پورا ملک ان کے ساتھ ہو گا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں جا کر بتائیں کہ انہیں خط ملا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر ایک ایٹمی طاقت کو کوئی دھمکی دے رہا ہے تو یہ معمولی بات نہیں، جب تک نظام آئین کے مطابق نہیں ہو گا ملک ایسے ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی کو ٹیلی فون کال نہیں آئی، چوہدری پرویز الٰہی کو دی گئی کسی آفر کا علم نہیں ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے پاس چند دن باقی ہیں، ہم پر کرپشن کا مزید کوئی جھوٹا کیس بنانا چاہتے ہیں تو بنا لیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم مفاد اور کرسی کی جنگ نہیں لڑ رہے، فیصلے متحدہ اپوزیشن کرتی ہے، ملک کے اگلے وزیرِ اعظم شہبازشر یف ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج ملک میں غیر آئینی مداخلت میں کمی ہوئی ہے، جلد عوام کے مینڈیٹ کی حکومت وجود میں آئے گی ۔
Load/Hide Comments



