پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیٹر کا عالمی دن اتوار کو منایا گیا

(شوبزڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں تھیٹر کا عالمی دن 27مارچ اتوار کو منایا گیا ۔ورلڈ تھیٹر ڈے منانے کا مقصدڈراموں،ڈانس اور میوزک کے ذریعے دنیا بھر میں اپنے خیالات ونظریات کا تبادلہ کرنا ہے اس حوالے سے مختلف ثقافتی تنظیموں اور فنی زندگی سے وابستہ افراد کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
تھیٹر کا مطلب عرف عام میں کسی کہانی کوناظرین کے سامنے ڈرامے کے انداز میں پیش کرنا ہے۔تھیٹر کی تاریخ بہت قدیم ہے اس کا آغاز2500قبل مسیح مصرسے ہوا تھا بعد میں اسے یونانیوں نے پروان چڑھایاشیکسپیئر جیسے عظیم ڈرامہ نگار نے بھی تھیٹر کو دوام بخشا۔
پاکستان میں بھی تھیٹر کا آغاز انتہائی شاندار تھا آغا حشر کاشمیری اور امتیاز علی تاج جیسے قلم کاروں نے اس حوالے سے بہت نام کمایا۔دور حاضر میں فلمی کلچر اور نجی ٹی وی چینلز کی یلغار میں تھیٹر کو زندہ رکھنادل گردے کا کام ہے آج کل تھیٹروں میں ڈراموں کی بجائے کامیڈی سے کام چلایا جارہا ہے جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں کو تھیٹروں تک لانے کیلئے سنجیدہ اور سماجی موضوعات پر ڈرامے پیش کیے جائیں جو کہ کسی جہاد سے کم نہ ہو گا۔