چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی (سی ایم ایس اے) نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی شینژو 24 مشن کے تین رکنی عملے کا حصہ ہوں گے۔ یہ مشن 25 نومبر کو بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا جائے گا۔
ذیشان علی بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ پرواز کریں گے اور وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی شہری ہوں گے۔ عملے کے دیگر دو ارکان چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی ہیں۔ ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ اسٹیشن پر گزاریں گے اور شینژو 23 کے ذریعے واپس آئیں گے، جو مئی میں اسٹیشن سے منسلک ہوا تھا۔
سی ایم ایس اے کے مطابق عملہ تقریباً 90 تجربات کرے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ذیشان علی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان اعتماد کا مظہر ہے۔ فروری 2025 میں سپارکو اور سی ایم ایس اے کے درمیان معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت دو پاکستانیوں کو چین میں تربیت دی جانی تھی۔



