سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ڈیولوشن کی ذیلی کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ وفاقی سیکریٹریٹ میں گریڈ 18 سے 22 تک کی 60.17 فیصد آسامیاں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افسران کے پاس ہیں۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر بیرسٹر ضمیر حسین گھمرو کی صدارت میں ہوا۔
ذیلی کمیٹی نے اسے آئین کے آرٹیکل 38 (جی) کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے صوبائی کوٹے پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو دو ہفتوں میں اصلاحی منصوبہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ حال ہی میں بلوچستان کے لیے گریڈ 1 سے 15 کی 5136 آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں۔
سینیٹر گھمرو نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد چار کمپنیوں نے 3600 ارب روپے منافع کمایا لیکن صوبوں کو کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔ کمیٹی نے وزارت پیٹرولیم کو منافع میں صوبوں کے حصے کا طریقہ کار تیار کرنے کی ہدایت کی۔



