سوئی گیس کمپنیوں کو چھ سے آٹھ اداروں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ وزیراعظم کو پیش

پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی ایل) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (ایس این جی پی ایل) کو چھ سے آٹھ الگ اداروں میں تقسیم کرنے کا اصلاحاتی فریم ورک اصولی منظوری کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو بھیج دیا گیا ہے۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ عالمی بینک، کے پی ایم جی اور ووڈ میکنزی کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت گیس شعبے کا 3 ہزار ارب روپے سے زائد کا گردشی قرض ایک خصوصی ادارے کو منتقل کیا جائے گا، جس کی ادائیگی ٹیرف پر سرچارج کے ذریعے ہوگی۔ گھریلو صارفین کے بلنگ سلیب 12 سے کم کر کے ایک کر دیے جائیں گے، اور گھریلو گیس کے نرخ بڑھنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق گھریلو صارفین اس وقت تقریباً 1268 روپے فی ایم سی ایف ادا کرتے ہیں جبکہ لاگت 2152 روپے ہے۔ منصوبے پر عملدرآمد کا ہدف 2027 کی آخری سہ ماہی رکھا گیا ہے۔