بلوچستان ہائیکورٹ کا کوئٹہ میں غیر قانونی ٹیوب ویلز کا سروے کرانے کا حکم

بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ اور گردونواح میں غیر قانونی ٹیوب ویلز کا سروے کرانے اور سرکاری ٹیوب ویلز پر مبینہ قبضے کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس محمد کامران ملاخیل اور جسٹس نجیم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کوئٹہ میں پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ کی رپورٹ کے مطابق 295 ٹیوب ویلز میں سے صرف 68 کے پاس این او سی موجود ہے جبکہ 227 بغیر اجازت چل رہے ہیں۔ عدالت نے اس رپورٹ کو نامکمل قرار دے کر مسترد کر دیا۔

واسا نے عدالت کو بتایا کہ ہزارہ ٹاؤن میں نجی ٹیوب ویلز سے منسلک تقریباً 80 فیصد پائپ لائنیں منقطع کر دی گئی ہیں۔ عدالت نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کمیٹی کی رپورٹ بھی مسترد کر دی۔