ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اہم ملاقات کی، جو خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔
روسی خبررساں اداروں کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن نے بتایا کہ انہیں ایران کے سپریم لیڈر کا پیغام موصول ہوا ہے، جس پر انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ پیغام براہ راست ایرانی قیادت تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روس امید رکھتا ہے کہ ایرانی عوام اس مشکل دور سے جلد نکل آئیں گے اور خطے میں امن قائم ہوگا۔ صدر پیوٹن کے مطابق روس ایران اور خطے کے ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات بدستور جاری رہیں گے۔
ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں جو مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے ایران کی حمایت پر روسی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور ایران و امریکا کے درمیان سفارتی سطح پر تناؤ میں کمی کی کوششیں جاری ہیں۔



