ہینڈ شیک تنازع کے بعد ایک بار پھر پاک بھارت ٹیمیں ایشیا کپ میں آمنے سامنے آئیں گی، وہی ٹیمیں، وہی میدان اور وہی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہوں گے، دونوں ٹیمیں آج سپر فور مرحلے میں مدمقابل ہوں گی۔
ایونٹ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
میچ کی تیاری کیلئے قومی اسکواڈ گذشتہ روز دبئی کرکٹ اکیڈمی پہنچا تو پاکستان کے ساتھ بھارتی فینز نے ان کا استقبال کیا۔ بھارتی فینز نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی فخر زمان کے تصاویر بنوائیں، آٹو گراف بھی لیا۔
محسن نقوی کی کھلاڑیوں سے ملاقات، حوصلہ بڑھایا
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔
آئی سی سی اکیڈمی میں محسن نقوی کی آمد پر بھارتی سپورٹنگ اسٹاف اور کھلاڑی ٹریننگ سیشن ختم کرکے ہوٹل چلے گئے۔
محسن نقوی نے کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا سے گفتگو کی۔ دیگر کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کرکے حوصلہ بڑھایا۔
پاکستان ٹیم نے پریکٹس تو کی لیکن پریس کانفرنس نہیں کی۔ جمعہ کو بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پریس کانفرنس کی، ان سے سوال ہوا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں اچھا کیا، کیا باقی چیزیں بھی اچھی کريں گے؟
میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی معافی مانگنے کی ویڈیو جاری کردی گئی
بھارتی کپتان سوال میں چھپی پاکستان ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کی بات گول کر گئے اور جواب دیا کہ اچھا! آپ اچھی بولنگ کی بات کر رہے ہیں، جی ہم ایسا ہی کريں گے۔
خیال رہے کہ 14 ستمبر کو ہوئے پاک بھارت پہلے میچ میں نہ ٹاس کے وقت دونوں کپتانوں کا ہینڈ شیک ہوا نہ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کا روایتی ہینڈ شیک ہوا، اسی میچ کے آغاز سے پہلے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے کہا تھا کہ بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانا۔
اس رویے پر پاکستان ٹیم نے اعتراض کیا، آئی سی سی کو خط لکھا، ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن دوسرے میچ سے پہلے اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم سے معذرت کرلی تھی۔



