اگر بھارت پاک فضائیہ کے پائلٹ کو پکڑنے کا دعویٰ کر رہا ہے تو سامنے لائے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت دعویٰ کر رہا ہے پاکستان نے میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا ہے تو ثبوت سامنے لائے، اگر بھارت پاک فضائیہ کے پائلٹ کو پکڑنے کا دعویٰ کر رہا ہے تو سامنے لائے۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پر دونوں اطراف نقصان کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سےآرٹلری، مارٹر اور دیگر بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری کی جا رہی ہے، بدقسمتی سے بھارت جان بوجھ کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جوابی کارروائی میں پاکستان بھارت کے ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہا ہے، ایل او سی پر موجود بھارتی چوکیوں کی بات کر رہا ہوں۔