پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بالی وڈ فلمز میں کام نہ کرنے کی اہم وجہ بتادی۔
مہوش حیات نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی زندگی سے جڑے مختلف پہلوؤں سے متعلق گفتگو کی۔
دورانِ پروگرام بالی وڈ فلموں میں کام کی پیش کش ٹھکرانے کے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے پاکستان میں سینما کی بحالی کا سبب بننے والی حالیہ چند مقبول ترین فلموں میں کام کیا۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے معروف فلم سازوں نبیل قریشی اور ندیم بیگ کے ساتھ کام کیا، جن کی فلمیں ملک بھر میں شوق سے دیکھی اور سراہی جاتی ہیں، اس لیے انہیں بیرون ملک جاکر کام کرنے کا خیال ہی نہیں آیا۔
اداکارہ کے مطابق ان کی اداکاری اور کام ملک میں بہت پسند کیا جاتا ہے اور انہیں سراہا بھی جاتا ہے، اس لیے وہ یہیں خوش ہیں۔ اور فلم پروموشنز اور سینماؤں میں فلم ریلیز کے وقت بہت عزت دی جاتی ہے، ان کا احترام کیا جاتا ہے، وہ اپنے ملک میں ملنے والی عزت اور پیار سے بہت خوش ہیں، اس لیے انہوں نے کبھی کسی دوسرے ملک جاکر فلمیں کرنے کا نہیں سوچا۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ملک میں ملنے والی عزت اور کام کی وجہ سے ہی انہوں نے ملکی فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دی اور دوسرے ملک جاکر کام کرنے کا نہیں سوچا۔
اگرچہ مہوش حیات نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی فلموں اور پاکستانی شائقین کی جانب سے ملنے والی محبت کی خاطر بالی ووڈ فلموں میں کام نہیں کیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہیں کون سی بالی ووڈ فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی؟



