قصور(آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینئیر نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے طے شرائط کی خلاف ورزی کی، شہبازشریف آئی ایم ایف سے دربارہ معاہدہ نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا،پٹرول کئی ہزار روپے لٹر ہوتا، 9 مئی کو دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا، یہ شخص ملک دشمنی میں اتنا آگے نکل گیا،پاکستان فلسطینیوں کی حمایت کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصور میں مسلم لیگ ن کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ مصطفیٰ آباد والوں کو دل گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، اس پنڈال میں وہ بزرگ بھی ہیں جنہوں نے پاکستان بنتے ہوئے دیکھا، ہندوستان سے لاکھوں لوگ مملکت خداداد پاکستان میں آ ئے، پاکستان بنا تو بزرگوں، ماؤں، بیٹیوں اور جوانوں نے قربانیاں دیں۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، پاکستان کو بنے 75 سال ہوگئے، شاید اس قوم کی زندگی میں ایک فیصلہ کن موڑ آیا ہے، یہ ایسا فیصلہ کن موڑ ہے جہاں غلطی کی گنجائش نہیں، ہم نے صحیح محسن کا انتخاب کرنا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ آج میرے نوجوان بیروزگار ہیں، بجلی مہنگے بل گھروں میں قیامت ڈھاتے ہیں، اشیاء خورونوش آسمان سے باتیں کررہی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا خودکشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، چیئرمین پی ٹی آئی نے خود تو خودکشی نہیں کی عوام کو مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ایٹمی قوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے طے شرائط کی خلاف ورزی کی، شہبازشریف آئی ایم ایف سے دربارہ معاہدہ نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوتا تو آج پٹرول کئی ہزار روپے لٹر ہوتا۔حمزہ شہباز نے کہا شاید آج ملک میں وہ حالات ہوتے جو ہم خواب میں بھی تصور نہیں کرسکتے تھے، شہبازشریف نے فیصلہ کیا ریاست کی عزت کو بچائیں گے، سیاست کو داؤ پر لگائیں گے، 1990ء کی دہائی میں پورے ساؤتھ ایشیا میں موٹروے کا نام و نشان نہیں تھا، نوازشریف کا ویڑن تھا ہم لاہور سے اسلام آباد تک موٹروے بنائیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا میں ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر بناؤں گا، وہ 1کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر ملے یا نہیں؟ 2 سال گزر جانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا مجھے معیشت کی سمجھ ہی اب آئی ہے۔ انکا کہناتھا کہا 2013ء میں بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی، 2013 سے 18 تک نوازشریف نے دن رات محنت کی، 2013 سے18 میں بجلی کارخانے لگے، ملک میں 12ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرکے وعدہ سچ کردکھایا۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہماری قیادت پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، 9 مئی کو کیا ہوا؟ 9 مئی کو دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا، یہ شخص ملک دشمنی میں اتنا آگے نکل گیا، چیئرمین پی ٹی آئی ئی کے خلاف 190ملین پاؤنڈ کے کیس میں ٹھوس شواہد ہیں۔
Load/Hide Comments



