نگران حکومت آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہی ہے،مرتضی سولنگی

اسلام آباد (آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین اور قانون کے مطابق کام کر رہی ہے،نواز شریف کو لندن میں کسی قسم کا سرکاری پروٹوکول نہیں ملا،نواز شریف کی واپسی سے متعلق نگران کابینہ میں کوئی بات نہیں ہوئی، نہ ہی یہ معاملہ کابینہ کے سامنے ہے،مفروضوں اور قیاس آرائیوں پر یقین نہیں رکھتا، ہمارے سامنے چیزیں بہت واضح ہیں،سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں سے عوام کی زندگیوں میں خلیل نہیں آنا چاہئے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کر سکتا ہے۔الیکشن کمیشن بااختیار آئینی ادارہ ہے۔ہم تمام جماعتوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ہم خوشگوار ماحول میں الیکشن کا انعقاد ممکن بنانا چاہتے ہیں، مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہم ایسے انتخابات چاہتے ہیں جو سب کو قابل قبول ہوں۔نگران حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔میڈیا پر کسی شخصیت کے نام لینے پر کوئی پابندی نہیں۔، مرتضیٰ سولنگی نے کہا مولانا فضل الرحمان مدبر اور زیرک سیاستدان ہیں۔پاکستان کی انتخابی تاریخ کی حقیقت ہے کہ پہلے بالغ رائے دہی کے انتخابات 1970ء میں دسمبر کے مہینے میں ہوئے تھے۔پاکستان میں انتخابات شدید گرمی میں بھی ہوئے اور شدید سردی میں بھی۔دسمبر میں جنوری کے آخری ہفتے کے مقابلے میں زیادہ سردی ہوتی ہے۔الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا ہے، اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں۔حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لئے دیئے جائیں گے۔بڑی تعداد میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد واپس جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا نگران حکومت معاشی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔حکومت کے انتظامی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی۔سمگلنگ کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا نواز شریف کو لندن میں سرکاری پروٹول کو نہیں ملا۔ہمارے ہائی کمشنر تمام پاکستانیوں کیلئے ہیں۔نواز شریف عدالتوں کی رضا مندی سے باہر گئے۔نواز شریف کوٹ لکھپت جیل کی دیواریں توڑ کر لندن نہیں گئے تھے۔ہائی کمشنر پر غصہ نا مناسب ہے۔مرتضی سولنگی نے کہا اسحاق ڈار بھی عدالتی پروسیس سے گزرے تھے۔۔عدالتوں کے احکامات کی تعمیل ہو گی۔نواز شریف جب تشریف لائیں گے، قانون اپنا راستہ اختیار کرے ۔