فلسطین میں جاری مظالم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی حیران کن ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے غزہ میں اسرائیل فورسز کی جانب سے معصوم اور نہتے فلسطینیوں پر فضائی حملوں اور بمباری کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا پاکستان فلسطین کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان کی پارلیمان اور عوام مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اسرائیل طاقت کے نشے میں انسانیت سوز مظالم اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔اسرائیل غزہ پر ظلم اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔نہتے فلسطینیوں پر بمباری فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں پر اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر اقوام عالم کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بمباری سے ہزاروں نہتے شہری نشانہ بن چکے۔راجہ پرویزاشرف نے کہا اقوام متحدہ کی عالمی تنظیموں اور او آئی سی کو فلسطین میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔فلسطین میں نہتے شہریوں پر بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔فلسطین میں جاری مظالم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی حیران کن ہے۔اقوام متحدہ کو فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری مظالم اور بمباری کو رکوانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، راجہ پرویز اشرف نے کہا مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جائے والے مظالم انسانیت کے منافی ہیں۔
فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم پر ترقی یافتہ ممالک کی خاموشی انتہائی قابل تشویش ہے۔فلسطین کے ہسپتالوں میں بے یار و مددگار زخمی مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔ فلسطین کے ہسپتالوں میں ادویات، خوراک، طبی سہولیات اور پانی کی شدید قلت ہے۔پانی، بجلی، ادویات سمیت بنیادی سہولیات کی بندش غیر انسانی طرز عمل ہے۔فلسطینی ہسپتالوں میں طبی امداد کی فراہمی نا ہونا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لیے سوالیہ نشان ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا تمام تنازعات کو بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے۔جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔اسپیکر نے شہید فلسطینیوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور اسرائیل کی بمباری سے شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا انکا کہناتھا پاکستانی عوام فلسطین کی آزادی کے لیے دعا گو ہیں۔