اسلام آباد(آن لائن)اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والی لڑائی میں ایک ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت اور سوا لاکھ افراد کے بے گھر ہونے پر جہاں دنیا بھر کے سیاست دانوں اور سماجی رہنماؤں نے اظہار مذمت کی وہیں پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے فلسطینی گروپ حماس اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے فلسطینی گروپ حماس اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جیسا کہ میں نے حالیہ دنوں کی دل دہلا دینے والی خبریں دیکھی ہیں، اس دوران میری توجہ فلسطینی اور اسرائیلی بچوں کی طرف ہے جو جنگ کی صورتحال میں شدید متاثر ہوئے ہیں۔اپنے بچپن کے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ وہ صرف 11 سال کی تھیں جب انہوں نے تشدد اور دہشت گردی اپنی آنکھوں سے دیکھی تھی۔انہوں نے لکھا کہ صرف 11 برس کی تھی جب میں نے اپنے ارد گرد دہشت گردی اور تشدد جیسا ماحول دیکھا، صبح سویرے ہم مارٹر گولوں کی آوازوں سے بیدار ہوتے تھے، اپنے اسکولوں اور مساجد کو بموں سے تباہ ہوتے دیکھا، امن ایک ایسی چیز بن گئی جس کا ہم صرف خواب ہی دیکھ سکتے تھے۔ ملالہ نے لکھا کہ آج میں ان تمام بچوں اور لوگوں کے لیے غمگین ہوں جو مقدس سرزمین میں امن اور انصاف کے خواہاں ہیں۔
Load/Hide Comments



