اسلام آباد(آن لائن)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات کی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان آزاد کشمیر کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیا ل کیا گیا جبکہ آزاد کشمیر بھر میں بجلی کے بلات اور مہنگائی کیخلاف جاری ہڑتال کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ ملاقات کے دوران گزشتہ روز ایپکس کمیٹی میں افغان بے دخلی کا معاملہ بھی زیر غور آیا،ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر ہم کشمیری آپ کے مشکور ہیں،اس موقع پر نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہر طرح سے انکے ساتھ ہے،پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا،مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے،جب تک مسئلہ کمشیر کا حل اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق نہیں ہوتا، ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہیں،ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی صورت حال باالخصوص خطے بھر میں عوامی مظاہروں کو روکنے کے لئے مختلف تجاویز پر اتفاق کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی خطے کی صورت حال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Load/Hide Comments



