دھرتی کا بیٹا نواز شریف واپس آرہا ہے،شہبازشریف

لاہور(آن لائن) صدر مسلم لیگ (ن) و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے اس دھرتی کا بیٹا نواز شریف واپس آرہا ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک اور قوم کیلئے قربانیاں دی،نواز شریف کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کرکے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیاگیا،نواز شریف سے اقتدار نہیں چھینا گیا بلکہ عوام کی ترقی چھین لی گئی،ملک سے لوڈ شیڈنگ، غربت، بے روزگاری ختم کرنے کیلئے نواز شریف واپس آرہے ہیں، انتقام کیلئے نہیں عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے آرہے ہیں،نواز شریف نے بے شمار ترقی کے منصوبے دیئے، سی پیک دیا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا،صنعتیں لگائیں،پنجاب میں دانش سکول بنائے،ہم نے ملک کیلئے اپنی سیاست داؤ پر لگادی مگر ریاست کو بچالیا،پاکستان دیوالیہ ہونے جارہا تھا ہم نے دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ظلم ہے تو اس طرح کے ظلم ہزاروں بار کرتے رہیں گئے ۔ مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام لاہور کے مختلف علاقوں میں ریلیوں اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف 2013 میں منتخب ہوئے تو 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی،سابق وزیراعظم نے 4 سال میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا(ن) لیگ کے سابق دور میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی،نواز شریف نے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دیا۔انکا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ نے امریکی صدر کی 5 کالز کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے اور کہا کہ 5 ارب ڈالر کیلئے اپنے ملک کا سودا نہیں کروں گا۔ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی،نواز شریف وطن واپس آ کر ملک میں ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں ملک کو خوشحال کرنے آ رہا ہے،وہ پاکستان کو بھارت سے آگے لے جانے کیلئے واپس آ رہے ہیں۔صدر مسلم لیگ(ن) مزید بتایا کہ جن کرداروں نے نواز شریف کے ساتھ ظلم اور نا انصافی کی ان کے بارے میں قوم کو سب پتہ ہے،نواز شریف کو اقتدار سے محروم نہیں کیا گیا بلکہ ملکی ترقی کا راستہ روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے زمانے میں آٹا 35 روپے کلو تھا اور چینی 52 روپے کلو تھی اور پاکستان میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں، اس کا جرم یہ تھا کہ اس نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شبانہ روز محنت کی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور اسی وجہ سے 2018 کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو خالی اقتدار سے علیحدہ نہیں کیا گیا بلکہ آپ کو آپ کے بچوں کو تعلیم سے، علاج سے اور ترقی اور خوشحالی سے محروم کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس مہینے کی 21 تاریخ کو واپس پاکستان آرہا ہے، یہ ترقی کا سفر جو اس نے 2018 میں چھوڑا تھا بلکہ جو ترقی کا سفر ختم کروایا گیا تھا دراصل آپ کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ختم کیا گیا تھا، نواز شریف اس سفر کو دوبارہ شروع کرنے آرہاہے۔مسلم لیگ(ن) کے صدر نے کہا کہ نواز شریف وطن واپس انتقام لینے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کو دوبارہ خوشحال کرنے، ترقی کے دور دوبارہ چلانے اور ہندوستان سے پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے واپس آرہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جن اداروں نے نواز شریف کے ساتھ ظلم و زیادتی کی ان کا آپ کو اچھی طرح علم ہے لیکن فیصلہ یہ کرنا ہے کہ آگے انتقام لینا ہے یا یتیموں اور غریبوں کی خدمت کرنی ہے اور میرا آپ سے وعدہ ہے کہ میں نواز شریف کے ساتھ اپنی جان لڑاؤں گا۔