پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قیام امن کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں: بلیغ الرحمان

لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاؤس لاہور میں کورین تنظیم ہیون لی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ کے وفد نے سینیٹر کامران مائیکل کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قیام امن کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں جنہیں اقوام عالم نے ہر سطح پر سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی تنظیم 2014سے دنیا میں امن کے لئے جو کوششیں کررہی ہے قابل تعریف ہیں اور اس مقصد کے لیے دنیا بھر سے لوگوں کو اکٹھا کرنا ایک قابل تحسین کام ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگوں کے انسانیت پر تباہ کن اثرات ہوتے ہیں اور مقبوضہ جموں کشمیر میں کشمیری آج بھی اپنے جائز حق خودارادیت سے محروم ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کو ان کے بنیادی حقوق سلب کرکے جبر سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیمیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اورکشمیر عالمی امن کی تنظیموں کے لیے ایک سوالیہ نشان ہیں۔ امن کے لیے کام کرنے والوں کو زیادہ متحرک ہونے اور اس حوالے سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ امن کے لیے سب لوگوں کو آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان امن کے لیے کام کرنے والوں کے شانہ بشانہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت اقوام متحدہ کے پیس مشن میں سب سے زیادہ پاکستان کی مسلح افواج کے افسر اور جوان خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر وفدنے گورنر پنجاب کو کورین تنظیم ہیون لی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ کے اغراض و مقاصدکے بارے تفصیلی روشنی ڈالی۔ وفد میں یانگ بینگن سگ، پارک کیونگ تائیک، کم ینگ سیونگ، جون ینگ وو، لی سیونگ کیو،نوید طاہر اور جاوید وحید شامل تھے۔