شہباز شریف کی انقرہ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

لاہور (آن لائن) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے انقرہ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ کوئی بڑاجانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے مشترکہ دشمن ہیں، دہشت گردوں کے ہینڈلرز اور فنانسرز کے خلاف پوری دنیا کو مل کرفیصلہ کن اقدام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل دہشت گردی کے تدارک اور ان کے ہینڈلرز کے خلاف کارروائی پر غور کرے، بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے کون ہے، او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اسلامی دنیا کو اس عفریت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی، خودکش حملوں میں ایک خاص پیٹرن نظر آرہا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل مسئلے کی سنگینی اور دہشت گردی کی سرپرستی کا ایک اور ثبوت ہے۔ شہباز شریف نے زخمی پولیس اہلکاروں سے اظہار ہمدردی کیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی.