پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں علامتی کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، پی ٹی آئی

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو محض علامتی، نہایت ناکافی اور اونٹ کے منہ میں زیرہ قرار دے دیا۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف سازش کی گئی تو پٹرول 149 روپے فی لیٹر میں دستیاب تھا، پچھلے سترہ ماہ کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوگنا سے بھی زیادہ اضافہ کیا گیا،نگران حکومت نے بھی پی ڈی ایم کیطرح پٹرول مہنگا کرنے کی روش برقرار رکھی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ناقابلِ برداشت اضافے سے ملک بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، عوام کیلئے اشیائے خورونوش سے لیکر دیگر ضروریاتِ زندگی کو جائز ذرائع سے پورا کرنا ناممکن ہورہا ہے۔ ترجمان کے مطابق تباہ حال معیشت سے کاروبار اور ذرائع آمدن نہایت تیزی سے سکڑ رہے ہیں، دوسری جانب دہشتگردی ایک قومی مسئلہ بن کر ابھررہی ہے اور معصوم شہریوں کو غیرمحفوظ اور خوفزدہ کررہی ہے، بدقسمتی سے نگران حکومت اور ریاستی کارندے سارا زور تحریک انصاف اور اس کے حامی شہریوں کیخلاف ظلم و جبر کا بازار گرم کرنے میں لگا رہے ہیں، آئین، قانون، جمہوریت اور سیاست کو فتح کرنے کا خبط ریاست اور عوام کیلئے تباہی و بربادی کا پیش خیمہ بن رہا ہے، نگران حکومت صورتحال کی نزاکت کا احساس کرے اور فیصلہ سازی عوام کی منتخب قیادت کے سپرد کرنے کیلئے فوری طور پر شفاف انتخاب کا انعقاد یقینی بنائے۔