افغان طالبان ٹی ٹی پی کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتے آئے ہیں، امریکہ

کا بل (آن لائن) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے ٹی ٹی پی کی پاکستان میں کاروائیوں کے حوالے سے پاکستانی موقف کی تائید کردی۔ غیر ملکی خبر رساں دارے کے مطابق تھامس ویسٹ نے اسٹمسن سنٹر میں ہونے والے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی خطے کے امن کے لیے شدید ترین خطرہ ہے، پاکستان میں ٹی ٹی پی کی جانب سے افغان سرزمین کو استعمال کرکے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی اس خطے کو جانتا ہے وہ اس بات سے واقف ہے کہ ٹی ٹی پی پاکستان سے نکالے جانے پر افغان طالبان کی حامی بن کر جنگ لڑتی رہی، افغان طالبان اور ٹی ٹی پی آپریشنل اور مالی معاونت میں ایک پیج پر ہیں، افغان طالبان ٹی ٹی پی کو لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے ہمیشہ مددگار رہا ہے اور سیکیورٹی مسائل کی نشاندہی اور افغان مہاجرین کے معاملے پر انتہائی مددگار رہا ہے۔