سیلاب کے فوراً بعد پاکستان کی ہنگامی ردعمل منصوبے کے تحت 816 میں سے صرف 563 ملین ڈالر رقم موصول ہوئی، پاکستانی مندوب

نیویار ک ( آن لائن) اقوام متحدہ میں تعینات پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سیلاب کے فوراً بعد پاکستان کی ہنگامی ردعمل منصوبے کے تحت 816 ملین ڈالر کی فوری اپیل کی گئی تاہم 563 ملین ڈالر رقم موصول ہوئی ہے۔ پاکستان نے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لیے 2.7 ارب ڈالر اپنے مقامی وسائل سے مختص کیا۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان میں گزشتہ سال 2022ء کے تباہ کن سیلاب پر غیر رسمی اجلاس ہوا جس کی صدار ت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی صدر ڈینس فرانسس نے کی، اجلاس میں پاکستان کو گزشتہ موسم گرما میں تباہ کن سیلاب کے بعد فراہم کردہ بین الاقوامی تعاون پر بحث ہوئی جس میں اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس،اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے ایڈمنسٹریٹر ایچم سٹئنر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر یونیسف مس کیتھرین رسل نے بھی اجلاس میں اظہار خیال کیا۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان بارے غیررسمی اجلاس سے پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں پرعزم بحالی اور تعمیر نو فریم ورک کے تحت 16.3 ارب ڈالر کے منصوبے شامل تھے، ان منصوبوں میں آبی گزرگاہوں، آبپاشی چینلز، روڈ اور ریل منصوبوں کے لیے تخمینہ 13.5 ارب ڈالر کا تھا، جنیوا کانفرنس کے بعد سے آج تک اس پر وعدہ کردہ کسی رقم کا نہ تقاضا کیا گیا، نہ ہی وصول ہوئی، سیلاب کے فوراً بعد پاکستان کی ہنگامی ردعمل منصوبے کے تحت 816 ملین ڈالر کی فوری اپیل کی گئی، اقوام متحدہ کی 816 ملین ڈالر کی اپیل پر تاحال 69 فیصد یا 563 ملین ڈالر رقم موصول ہوئی۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ فور آر ایف منصوبے کے تحت جنیوا کانفرنس میں 10.9 ارب ڈالر کے وعدے کیے گئے تھے، پاکستان کو 10.9 ارب ڈالر کا 60 فیصد 6.9 ارب ڈالر موصول ہو چکے، پاکستان نے 4.74 ارب ڈالر کے 68 فیصد منصوبے اطلاق کے لیے منظور کیے، سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 1.9 ارب ڈالر کے 28 فیصد منصوبے جلد منظور ہوں گے، پاکستان نے مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لیے 2.7 ارب ڈالر اپنے مقامی وسائل سے مختص کیا۔