سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں، اقوام متحدہ

نیو یارک (آن لائن)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ملک میں بدترین معاشی بحران پیدا ہوا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے 78 ویں جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امداد پر زرو دیتے ہوئے اسے عالمی برادری کیلئے اخلاقی فریضہ قراردیا۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو ایک سال گزر جانے کے باوجود اب تک لاکھوں بچے بنیادی سہولیات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کے منتظر ہیں۔ڈینس فرانسس نے لکھا یہ ہمارا اخلاقی فریضہ بنتا ہے کہ اس امتحان میں پاکستان اور اس کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔انہوں نے مزید لکھا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور یو این سسٹم کو بحالی اور تعمیر نو کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنی چاہیے۔