اسلام آباد(آن لائن)آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد میں سائفر گمشدگی کیس کی سماعت ہوئی.تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پرعدالت پیش کیا گیا۔ عدالت کے عملے نے شاہ محمود کی حاضری لگائی۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں دس اکتوبر تک توسیع کردی۔اس سے قبل وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکشن میں کہا گیا تھا کہ وزارت کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس کیس کی سماعت اٹک جیل ہی میں کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین تحریک انصاف کو اٹک جیل سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔جس کے بعد عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر لکھا تھا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔انہیں ایسے کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں واشروم اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔پی ٹی آئی کے دوسرے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے بھی بتایا کہ عمران خان کو اڈیالہ منتقل کردیا گیا ہے۔لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ اٹک جیل سے بات ہوئی جو کہہ رہے ہیں کہ عمران خان ان کے پاس ہیں۔دوسری جانب اٹک جیل انتظامیہ نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو تاحال اڈیالہ جیل منتقل نہیں کیا گیا۔
Load/Hide Comments



