صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری مشترکہ ذمہ داری، نگران حکومت انتخابات کیلئے ماحول سازگار بنائیگی،مرتضیٰ سولنگی

کراچی(آن لائن) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے نگران حکومت انتخابات کے لئے ماحول سازگار بنائے گی ۔تفصیل کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے، انتخابی عمل کے دوران میڈیا کو سہولیات کی فراہمی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے، کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا۔تمام سیاسی جماعتوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔میڈیا انتخابات کے دوران الیکشن کے مختلف مراحل کا حصہ ہوتا ہے، مرتضیٰ سولنگی نے کہا میڈیا الیکشن کمیشن کے لئے پل کا کردار ادا کرتا ہے۔انتخابات میں مستند رپورٹنگ سب سے اہم ہے تاکہ عوام تک درست معلومات کی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔دونوں رہنما ؤ ں نے انتخابات کے شفاف انعقاد میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔