کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ ہے‘ فردوس عاشق اعوان

لاہور (آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ ہے،سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کا قتل اپنے اندر کئی راز سمیٹے ہوئے ہے، وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا سکھ رہنما کے قتل کا بھارت پر الزام سنجیدہ نوعیت کا ہے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی برادری کے نزدیک یہ الزام اپنی نوعیت میں انتہائی سنگین ہے، بھارت اپنے آپ کو جمہوریت کی ماں کہتا ہے، اس کی قلعی کھل چکی ہے، بھارت ایسی ماں بن چکی ہے جو اپنی بھوک مٹانے کے لئے خود ہی اپنے بچوں کو نگل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا جمہوری تماشہ صرف لفظی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں، حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے بھارت پاکستان میں بھی دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے دوسرے ملک میں دہشتگرد کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہیے.