نوازشریف کو اللہ تعالی نے سرخرو کردیا ہے، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے: مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کو اللہ تعالی نے سرخرو کردیا ہے، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے، اللہ تعالی نے ہر بار نوازشریف کو ’پلس‘ کیا، ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہوگئی، نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دیگئی، امید ہے کہ آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی، دعاہے کہ ترازو کے پلڑے سب کے لئے برابر ہوں، امید ہے کہ نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو”پراجیکٹ“ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے بھی اجلاسوں میں شرکت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف دشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے، پاکستان کو ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، ملک کو انتقام، ٹکراؤ اور افراتفری سے نجات دلانا ہوگی، صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے، انشاء اللہ، ہماری لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈگورننس سے ہے، نواز شریف اور اْن کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے ناانصافیوں کا سامنا کیا، نواز شریف اور اْن کے ساتھی ہی ملک وقوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، اللہ تعالی نے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوش حالی نوازشریف کے مقدر میں لکھی ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ، دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے، نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، نوازشریف اب معاشی طورپر پاکستان کو ناقابل تسخیر بنائیں گے، عوام کے چہروں پر اطمینان اورمعاشی آسودگی دیکھنا چاہتے ہیں، عوام اپنے ووٹ سے نوازشریف کو مضبوط کریں، مہنگائی ہم کم کردیں گے،نوازشریف کو سیاسی طورپر جتنا عوام مضبوط کریں گے، اْتنا ہی پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوجائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازشریف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جماعت ہے، مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کی جماعت ہے، فیصلہ سازی میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد مسلم لیگ (ن) کو یوتھ کی نمائندہ جماعت بنا چکی ہے، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضامن ہے، ہمارے مستقبل کو سنوارنے میں نوازشریف کے مخلصانہ جذبوں کو یاد رکھتے ہیں، نوازشریف کے یوتھ پروگرام نے زندگی میں آگے بڑھنے میں بہت معاونت کی، دانش سکول سے تعلیمی وظائف اور روزگار کی فراہمی کے پروگرام نوازشریف اور شہبازشریف کی نوجوان دوستی کے سنگ میل ہیں،نوازشریف کے دور میں ہائیر ایجوکیشن کمشن کے بجٹ میں پانچ گنا اضافہ ہوا،نوازشریف نے روزگار ہی نہیں وسائل فراہم کرکے نوجوانون کو پیروں پر کھڑا کیا، صرف لڑکوں کو ہی نہیں لڑکیوں کو بھی تعلیم، صحت اور روزگار میں 50 فیصد مساوی مواقع نوازشریف نے دئیے، لیپ ٹاپ سکیم نے نوجوانوں کے لئے علم اور روزگار کے دروازے کھولے، نوازشریف پاکستان اور نوجوان کی ترقی کا دروازہ ہے،21 اکتوبر کو نوجوانوں کے قائد نوازشریف کا بھرپور استقبال کریں گے ۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے یوتھ کوآرڈینیٹرز کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ لاہور سے خواتین اور مرد یوتھ کوآرڈینیٹرز کی بڑی تعداد میں اجلاس میں شرکت کی۔ مریم نوازشریف اور حمزہ شہبازشریف نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ یوتھ کوآرڈینیٹرز نے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے زبردست نعرے بازی کی اور جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔ نوجوانوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ یوتھ کوآرڈینیٹرز نے مریم نواز اور حمزہ شہبازکے حق میں بھی زبردست نعرے بازی کی .