پشاور(آن لائن)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 75 سال کے بعد بھی پاکستان ترقی کرنے کی بجائے روبہ زوال ہے۔ سی پیک روٹ پر مولانا فضل الرحمن جھوٹ کا سہارا نہ لیں۔ یہ روٹ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مشران نے چھ ماہ کی جدوجہد کے بعد منظور کرایا تھا۔ مولانا فضل الرحمن کو ڈیرہ کے عوام مسترد کر چکے ہیں مگر اس کے باوجود بھی بے پر کی بڑکیں وہ مار رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے مرکزی حکومت میں ہونے کے باوجود بھی کسی صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ خیبر پختونخواہ میں ترقیاتی کام کرنے کا سہرا ہمارے سر جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حق نواز پارک ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کہہ رہی ہے کہ گورنر خیبر پختونخواہ چور ہیں اور ان کے نگران وزرائنے کوئی کام بھی نہیں کیا اور اب وہ کس منہ سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین نے کہا کہ ملک میں ناانصافی و ظلم و زیادتی ہے۔ مہنگائی کا عفریت قابو میں نہیں آ رہا ہے۔ مہنگائی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے بنیادی وسائل ختم ہو چکے ہیں۔ پاکستان ترقی کرنے کی بجائے دن بدن پیچھے جا رہا ہے اور اس کے ذمہ دار سیاست دان ہیں۔ ہم اس ملک کو ترقی دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔ سابقہ حکمرانوں نے ملک کو سرکس بنا دیا ہے مداری کی طرح عوام کو تماشے دکھا رہے ہیں۔ ناانصافی اور ظلم ختم ہونے میں ہی نہیں آ رہا ہے۔ چند لوگوں کا مستقبل بہتر ہوا ہے کچھ سیاست دان ارب پتی بن گئے ہیں۔ آپ لوگوں نے ایسے لوگوں کو اقتدار دیا جن کے پاس ماضی میں کچھ نہیں تھا۔ ایمان دار لوگوں کو آگے لانا ہوگا بے ایمان کا ساتھ نہیں دینا ہوگا۔ ضلع ٹانک‘ جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ کی حالت دیکھ کر شرم آتی ہے۔ صوبے کے دیگر علاقوں کی نسبت اس علاقے کو بدقسمتی سے پیچھے رکھا گیا ہے۔ 35 سال حکمرانی کرنے والوں نے اس ملک کو کچھ نہیں دیا۔ پاکستان کو امریکا کا غلام بنا دیا گیا ہے ہم نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت میں صرف خیبرپختونخواہ میں ترقیاتی کام ہوئے مگر شومئی قسمت سے سیاست دان صرف پیسوں کے لیے اکٹھا ہو رہے ہیں۔ صوبے میں ان لوگوں کو بے نقاب کرنے کے لیے نکلا ہوں۔ تعلیم‘ صحت اور دیگر شعبوں میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ دن بدن ملک پر قرضہ بڑھتا جا رہا ہے مگر مداریوں کے تماشے ختم نہیں ہورہے۔ ہمارا ملک بہت خوشحال‘ وسائل سے مالامال ہے اور ترقی کر سکتا ہے لیکن بے ایمان لوگوں نے کبھی بھی ایسا نہیں کرنے دیا۔ مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت نے جب ملک کے لیے کچھ نہیں کیا تو میں نے احتجاجاً راہیں جدا کر لی تھیں ہم نے صوبہ خیبرپختونخواہ میں ووٹ بڑھایا ہے۔ مہنگائی کا طوفان اب کوئی بھی برداشت نہیں کر سکتا ہے 16 ماہ میں پی ڈی ایم کے لیڈروں نے ڈاکوں کا کام کیا۔ ملک کو چوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ہم پر اعتماد کریں ہم جعلی ووٹ لیکر سیاست کرنے والے نہیں ہیں.
Load/Hide Comments



