پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

اسلام آباد(آن لائن)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔پاک فوج ترکیہ کی بَری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔آئی ایس پی آ ر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر،نشانِ امتیاز (ملٹری) کا جمہوریہ ترکیہ کا دورہ کیا۔دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔ آرمی چیف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، وزرائے خارجہ اور دفاع، ترک جنرل اسٹاف کے کمانڈر اور ترکیہ کی بَری اور فضائی افواجکے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ترک ا فوج کی کوششوں کو سراہا اور ترکیہ کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے معیار کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ترک رہنماؤں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا بھی اعتراف کیا۔آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ آرمی چیف کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آرمی چیف کو وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا.