حکمران وہی ہوگا جس کو عوام منتخب کریں گے، مزید سلیکٹڈ حکمران نہیں ہوسکتے، امیرحیدر خان ہوتی

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی غیرآئینی سیٹ اپ کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ ایک تجربہ (آدمی) پیراشوٹ کے ذریعے کیا گیا، آج اٹک میں مہمان ہے، مزید تجربے نہیں ہوسکتے۔اس ملک کا حکمران وہی ہوگا جس کو عوام منتخب کریں گے، مزید سلیکٹڈ حکمران نہیں ہوسکتے۔ اس ملک میں جب بھی جمہوری نظام کو ختم کیا گیا، ہمیشہ ملک و قوم کا نقصان ہوا ہے۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں پی کے 79 پشاور کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ جب تک امن نہیں ہوگا اس وقت تک وہ ترقی نہیں مل سکتی جس کی اس ملک کو ضرورت ہے۔پشاور میں بشیربلور شہید، ہارون بلور شہید، عالمزیب شہید سمیت کئی رہنماؤں کو شہید کیا گیا۔ جب بھی پشتونوں کا خونبہا ہے تو دوسروں نے تماشا کیا ہے اور ہمارے خون کو اپنا خون نہیں سمجھا، ہمارے شہداء کو اپنے شہداء نہیں سمجھا۔ انہیں یہ احساس نہیں تھا کہ جو ہم پہ گزری، وہ کل پورے ملک میں ہوسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج وہی ہورہا ہے کہ ایک بار پھر پختونخوا میں دہشتگردی نے سر اٹھایا ہے اور ملک کے باقی حصوں میں بھی واقعات رونما ہورہے ہیں۔ آج پاکستان کی ریاست کو پشتونوں اور عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ نے ہمارے خون کو اپنا خون، ہمارے شہداء کو اپنے شہداء، ہمارے درد کو اپنا درد نہیں سمجھا لیکن ہم باچاخان کے پیروکار ہیں ہر ایک کا درد ہمارا درد ہے۔ امیر حیدر خان ہوتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم کہنا چاہتے ہیں کہ خدا کے واسطے بہت ہوچکا، ان سازشوں، ڈراموں کو بند کریں۔ آپ کے ان ڈراموں اور سازشوں کی وجہ سے ہم مزید بے گناہ خون بہانے کیلئے تیار نہیں، ہمیں امن چاہئیے۔مہنگائی اور بے روزگاری کو کم کرنا ہوگا، معاشی صورتحال کو بہتر کرنا ہوگا۔ورکرز کنونشن سے مرکزی سیکرٹری مالیات سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، حاجی غلام احمد بلور اور امیدوار پی کے 79 ڈاکٹر نویداللہ خان نے بھی خطاب کیا.