قائدکے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے: نگران وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہیکہ قائداعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر خصوصی پیغام میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، اختلافات ختم کرکے مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کا عملی نمونہ تھی، قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین قائداعظم کے 14 نکات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہے، آئیں عہد کی تجدید کریں کہ ہم اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔